عوامی مسائل حل، عوام کا اعتماد بحال نہ کر سکے تو حکومت چھوڑ دینگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

Published On 02 October,2023 09:04 pm

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا کہ عوامی مسائل حل اور شہریوں کا اعتماد بحال نہ کر سکے تو حکومت چھوڑ دیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے امراض قلب ہسپتال کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں سینئر وزیرکرنل (ر) وقار احمد نور، سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب، وزراء اور دیگر بھی موجود تھے، وزیراعظم آزادکشمیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، وزیراعظم کو ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اور مشینری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

چودھری انوارالحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس عوام کی فلاح وبہبود کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے، سیاست بھی کریں اورسیاسی بقاء کی جنگ بھی لڑیں، قومی دھارے میں رہ کر سیاست کریں تو اسی میں بہتری ہے، ریاست کے نظام کو مضبوط نہیں کریں گے تو عوام کا حکومت پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا عوام کے مسائل حل اور شہریوں کا اعتماد بحال نہ کر سکے تو حکومت چھوڑ دیں گے، جب تک اسمبلی کی اکثریت حاصل ہے حکومت میں رہوں گا، ڈنکے کی چوٹ پر اپنے حلف کی پاسداری کروں گا، ریاست کے عوام کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔