اسلام آباد: (دنیا نیوز) مودی سرکار نے ایک بار پھر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے انتخابات کے پیش نظر اپنے ہی شہریوں اور فوجی افسروں کو بَلی چڑھانا شروع کر دیا۔
مودی سرکار کی دہشتگردانہ پالیسی کی ایک اور حقیقت منظر عام پر آگئی، انتخابات جیتنے کا مودی کا آزمودہ بھونڈا منصوبہ پھر بے نقاب ہوگیا، اُڑی سیکٹر میں بھارتی فورسز کے ساتھ انکاؤنٹر میں متعدد افسر اور جوان ہلاک ہوئے تھے۔
12 ستمبر کو اننت ناگ میں بھی ایسے ہی من گھڑت بھارتی فورسز کے آپریشن کی خبر سامنے آئی تھی، فالس فلیگ آپریشن بھارتی ڈرامہ نکلا جس کے ذریعے بھارت ایک سے زیادہ اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے، بھارت پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگا کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی انتخابات کے پیش نظر مودی سرکار نے اپنے ہی شہریوں اور فوجی افسروں کو بَلی چڑھانا شروع کردیا، شواہد سے ثابت ہوچکا ہے کہ بھارت ایک بار پھر پلوامہ ڈرامے کو دُہرا کر مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، عالمی میڈیا کی بھی متعدد رپورٹس اور آڈیو ویڈیو شواہد سے ثابت ہو چکا ہے، بھارتی فورسز لائن آف کنٹرول پر دہشتگردی پھیلا کر سیاسی عزائم حاصل کررہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا فیک انکاؤنٹر کرکے، جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھلا کر جنگی جنون پیدا کرنا مودی سرکار کا پرانا وطیرہ ہے، مودی سرکار لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کے معاہدے کو منقطع کرنے کی کوشش کررہی ہے، بھارت حکومت راجوڑی اور اننت ناگ میں فسادات پر قابو نہ کر پانے کی صورت میں پاکستان پر الزام تراشی کررہا ہے۔
کچھ دن قبل راجوڑی سیکٹر میں 5 بھارتی فوجیوں کا قتل بھی مودی کی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش تھی، بھارت کی یہی کوششیں رہی ہیں کہ اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں کی گئیں تاکہ ایل او سی پر جنگی صوتحال برقرار رہے، تصاویر اور ویڈیو سے ثابت ہوتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں جہاں ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، صورتحال بالکل نارمل ہے، اس سارے ڈرامے کا مقصد صرف سیز فائر کو توڑنے کا جواز پیدا کرنا ہے اور پاکستان کے خلاف گھٹیا مہم جوئی کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔