اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ایم این اے علی وزیر کی دہشت گردی کے مقدمے کے اخراج کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
سابق ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل عطاء اللہ کنڈی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل عطاء اللہ کنڈی نے کہا کہ ایک مقدمہ درج ہوا تو 15 منٹ بعد دہشتگردی کا الگ مقدمہ درج کرلیا گیا، وکیل عطاء اللہ کنڈی نے سپریم کورٹ کے صغریٰ بی بی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے علی وزیر کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ غیر قانونی قرار دے کر خارج کرنے کی استدعا کی۔
بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔