لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر، چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 16 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان جناح ہاؤس حملہ کیس میں قصور وار پائے گئے ہیں، جے آئی ٹی نے تینوں ملزمان کو گناہ گار لکھا ہے، پولیس کو تفتیش کے لیے تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے، علمیہ خان کی موقع پر موجودگی بھی پائی گئی ہے۔
ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان مقدمے میں نامزد نہیں، بیان دکھائے جائیں جن کی روشنی میں ہمیں قصور وار قرار دیا گیا۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ہم ان کو 161 کے تمام بیان دکھا دیتے ہیں۔
دوران سماعت چیرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آگئیں اور کہا کہ ہمیں انصاف دیا جائے، روز پیشی پر آتی ہیں، اگر جیل میں بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن کو وکیل برہان معظم نے مزید گفتگو کرنے سے روک دیا تاہم علیمہ خان نے کہا کہ ہم کیا مانگ رہے ہیں انصاف ہی تو مانگ رہے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں وکلاء کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرلیا اور ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 اکتوبر تک توسیع کردی۔