ایپکس کمیٹی کے فیصلے: بلوچستان پولیس کو عملدرآمد کیلئے ٹھوس اقدامات کا حکم

Published On 04 October,2023 05:17 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) آئی جی بلوچستان کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلا س ہوا، کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے پولیس کو ٹھوس اقدامات شروع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔

آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا غیر قانونی افغان مہاجرین اور منشیات فروشوں کے خلاف پولیس فورس حرکت میں آچکی ہے، اجلاس میں غیرقانونی افغان مہاجرین کی جائیدادیں اور کاروبار کو ضبط کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا، پہلے مرحلے میں قانونی دستاویزات نہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی، منشیات فروشی کے اڈوں کو فل فور مسمار کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں، آئی جی نے کہا کہ سمگلنگ کے خلاف بلوچستان پولیس اب زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، بجلی چوری کے خلاف متعلقہ اداروں سے پولیس کا تعاون جاری رہے گا۔
عبدالخالق شیخ نے مزید کہا بلوچستان پولیس اپنی پوری پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد ڈوگر، کمانڈنٹ بی سی، ڈی آئی جیز اور دیگر افسر بھی شریک ہوئے۔