کوئٹہ : (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں تخریب کاری کی کوشش ناکام بنادی گئی ، شہر بڑی تباہی سے بچ گیا۔
نگراں وزیرداخلہ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سرکلر روڈ پر واقع پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے 35 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ، دھماکہ خیز مواد کو بی ڈی کی ٹیم نے ناکارہ بنادیا۔
پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایک کار میں دہشتگردی کی غرض سے اسلحے کی بڑی کھیپ کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے، نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے کھڑی کار سے 30/35 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ، سپیشل برانچ بی ڈی ٹیم نے مذکورہ دھماکہ خیز مواد کو مہارت سے ناکارہ بنا دیا۔
نگراں وزیر داخلہ بلوچستان میر محمد زبیر جمالی نے آئی جی ،پولیس فورسز کو کار پارکنگ سے دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر شاباش دی اور کامیاب کارروائی پراطمینان کا اظہار کیا ۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس فورس نے بروقت کارروائی کر کے شہر کو تباہی سے بچایا ، بر وقت کاروائی کرنے والے اہلکاروں کو تعریفی اسناد دی جائیں گی ۔