پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف آج عہدہ سنبھالیں گے

Published On 07 October,2023 05:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف آج عہدہ سنبھالیں گے، تبدیلی کمانڈ کی تقریب پاک بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ہو گی۔

نیول چیف امجد نیازی پاک بحریہ کی کمانڈ نئے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کریں گے، پاک بحریہ کی کمانڈ تبدیلی کی تقریب میں سبکدوش نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی کو گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔

بحریہ کے نئے سربراہ نوید اشرف نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس سٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں، وائس ایڈمرل نوید اشرف اہم کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

نوید اشرف کمانڈر پاکستان فلیٹ سمیت بطور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں، پاکستان نیوی میں غیر معمولی پیشہ وارانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ان کو ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔