وزیراعلیٰ پنجاب کا علی الصبح تھانہ ڈیفنس اے کا دورہ، ریکارڈ چیک کیا

Published On 07 October,2023 10:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح تھانہ ڈیفنس اے کا دورہ کیا، بھیک مانگنے پر حوالات میں بند بزرگ کی سنی گئی اور رہائی مل گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے تھانے کا ریکارڈ چیک کیا، تھانے کے ہر کمرے میں گئے، مال خانہ، بیرکس اور واش رومز کا بھی معائنہ کیا۔

محسن نقوی نے دورے کے دوران حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا، بھیک مانگنے پر حوالات میں بند بزرگ نے وزیراعلیٰ سے رہائی کی درخواست کی، قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بزرگ کو رہائی دلوائی گئی۔

بزرگ نے رہائی دلوانے پر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو ڈھیروں دعائیں دیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا اور درخواستوں پر کارروائی مقررہ مدت میں یقینی بنانے کا حکم دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، تھانوں میں سائل کو کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہیے اور فوری داد رسی کی جائے۔