اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلسطین کی تازہ صورتحال پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہمیں کشیدہ ہوتی صورتحال کے باعث انسانی جانوں کے نقصان پر تشویش ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے دو ریاستی حل پر بات کرتا آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک قابل عمل اور خود مختار فلسطینی ریاست کو 1967ء سے پہلے کی صورت حال پر قائم کیا جائے، ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری آگے بڑھ کر سویلینز کے تخفظ کیلئے اقدامات کرے۔