لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔
مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، دونوں قائدین نے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے: شہباز شریف
پی ڈی ایم سربراہ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا، ملاقات میں دونوں قائدین نے مشاورت اور اشتراک عمل سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بحرانوں سے مل کر ہی نمٹا جا سکتا ہے، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں آپ نے بھرپور تعاون کیا، تمام جماعتوں نے 16 ماہ میں سیاست کا نہیں صرف ریاست بچانے کا سوچا۔
مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو اتحاد، مشاورت اور اشتراک عمل ہی بحرانوں سے نکال سکتا ہے، قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد سیاسی و جمہوری نظام مضبوط ہو گا۔
— PMLN (@pmln_org) October 11, 2023
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے، سچ بے نقاب ہوچکا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گئے، نوازشریف اور ان کے خاندان کو ناحق ستایا گیا، یہ تاریخ کا سیاہ اور افسوسناک باب رہے گا۔
اس سے قبل شہبازشریف نے آمد پر مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا، ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔