صدر مملکت نے ایڈمرل نوید اشرف کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازدیا

Published On 13 October,2023 11:30 am

اسلام آباد : (دنیانیوز) صدر مملکت عارف علوی نے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو نشانِ امتیاز ملٹری سے نوازدیا۔

چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو نشانِ امتیاز ملٹری دینے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی ، تقریب میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین اور مسلح افواج سربراہوں کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے پاک بحریہ کے سربراہ کو ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا ہے۔

قبل ازیں تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔

یاد رہے کہ  3اکتوبر کو وائس ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر ہوئے ہیں ۔

پاک بحریہ ترجمان کے مطابق وائس ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، نوید اشرف نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔

وائس ایڈمرل نوید اشرف اہم کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وائس ایڈمرل نوید اشرف کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

نوید اشرف ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف آپریشنز، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف ٹریننگ اینڈ پرسنیل، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف ایڈمن اور ڈپٹی پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں نوید اشرف کو ہلالِ امتیاز ملٹری اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔