ملک کے مختلف شہروں میں بارش، سردی نے دستک دے دی

Published On 16 October,2023 10:48 am

لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں سردی نے دستک دیدی، بارش برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح سے ہی گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، مال روڈ، گلبرگ، کرشن نگر، بند روڈ، گلشن راوی سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔

پنجاب کے دیگر شہروں بہاولپور، بہاولنگر، پاکپتن، احمد پورشرقیہ، گوجرہ، وہاڑی، جہانیاں، جھنگ، اوچ شریف اور کالاباغ میں موسلادھار بارش نے سردی کی دستک دے دی ہے۔

اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ، منڈی صادق گنج، رینالہ خورد میں بھی جم کر بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

دوسری جانب وادی نیلم کے پہاڑوں پر بارش اور وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، تیز ہوائیں چلنے سے ٹھنڈ بھی بڑھ گئی ہے۔

علاوہ ازیں رات گئے کراچی میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، ایئرپورٹ اور ملیر، گرومندر، ناظم آباد، لسبیلہ، لیاقت آباد سمیت دیگر قریبی مقامات پر بوندا باندی ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے وسطی و بالائی علاقوں پر اثرانداز ہے، آج سے یہ مغربی ہواؤں کا سسٹم سندھ پر اثرانداز ہو رہا ہے، کراچی میں آئندہ دو روز کے دوران مطلع ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔