لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے ترجمان شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ جلسوں کیلئے 100 سے زائد درخواستیں دیں مگر ایک کی بھی اجازت نہیں ملی۔
تحریک انصاف کے ترجمان شعیب شاہین ایڈوکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیا نگران حکومت غیر جانبدار ہے؟ کیا الیکشن کمیشن کی آنکھیں اور کان بند ہیں؟ 90 دن میں انتخابات نہ کرانا اس بات کو تقویت دینا ہے کہ یہاں سب کچھ غیر آئینی ہے، 14 اگست کے دن پی ٹی آئی ورکرز پاکستان کے جھنڈے لے کر باہر نکلے، پرامن کارکنوں پر مقدمے درج کئے گئے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اس جبر کے ماحول میں جو انتخابات کرائیں گے کیا وہ ٹھیک ہوں گے، متنازعہ انتخابات کے بعد قومی مسائل حل نہیں ہو سکیں گے، برطانیہ میں پاکستانی سفیر کس حیثیت میں اشتہاری مجرم کو پروٹوکول دے رہا ہے، جس کا جینا مرنا ملک سے باہر ہو وہ کیا پاکستان پر حکومت کر سکتا ہے۔