نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

Published On 16 October,2023 10:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر چین کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی وانگ زیگنگ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

نگران وزیر اعظم کاکڑ یہ دورہ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر کر رہے ہیں، ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے جس میں کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسر بھی شامل ہیں۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ بیجنگ میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، انوارالحق کاکڑ چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے، چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر اور نگران وفاقی وزیر تجارت گوہراعجاز بھی بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے لئے چین پہنچ چکے ہیں۔