نیویارک: (دنیا نیوز) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ کے ہسپتال پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتا ہے۔
اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پراجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے فلسطینی ہسپتال پرحملےکی شدید مذمت کرتا ہے، ہسپتال پر حملے کی عالمی سطح پر تحقیقات کی جائیں۔
منیر اکرم نے کہا کہ حملے میں زیادہ تر بیمار اور زخمی فلسطینی بچے، خواتین اور مرد شہید ہوئے، عام شہریوں کو نشانہ بنانا واضح جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جرم ہے، پاکستان نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
منیر اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان غزہ کے لوگوں کو اشیائے ضروریہ پہنچانے کے لیے انسانی راہداری قائم کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کے الاہلی ہسپتال پر اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے، بمباری سے ہسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔