پی آئی اے کا مالی بحران سنگین، 20 سے زائد پروازیں منسوخ

Published On 19 October,2023 10:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا مالی بحران شدت اختیار کر گیا، آج بھی پی آئی اے کی 20 سے زائد ملکی اور غیرملکی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایندھن کی فراہمی معمول پر نہ آنے سے متعدد قومی و بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

کراچی سے تربت، کوئٹہ اور مسقط کی 5 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، دبئی سے کراچی اور کراچی سے اسلام آباد کی 3 پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے، کراچی سے دمام کی دو جبکہ جدہ سے کراچی کیلئے پرواز بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ملتان سے جدہ اور کراچی جبکہ شارجہ سے ملتان کی پرواز، مسقط سے فیصل آباد کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی، اسلام آباد سے ملتان کی دو، فیصل آباد سے دبئی اور مسقط کی پروازیں بھی اڑان نہیں بھر سکیں۔

فیصل آباد سے ابوظہبی اور کویت سٹی سے لاہور کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی، اسلام آباد سے دمام اور دمام سے لاہور، دبئی سے اسلام آباد کیلئے پروازیں بھی معمول کے مطابق روانہ نہ ہو سکیں، سیالکوٹ سے ابوظہبی کی دو، اسلام آباد سے جدہ اور دبئی کیلئے پروازیں اڑان نہیں بھر سکیں، اسلام آباد سے چترال کی دو، مسقط اور دبئی کی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ایئر لائن کی پشاور سے دبئی کی دو پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے، اسلام آباد سے کوالالمپور کیلئے پرواز پی کے 894 کی روانگی میں ساڑھے چار گھنٹے تاخیر ہوئی، جدہ سے ملتان کی پرواز پی کے 740 لاہور منتقل کر دی گئی، لاہور سے ریاض کیلئے پی آئی اے کی پرواز کی روانگی میں ساڑھے 3 گھنٹے تاخیر ہوئی۔

پرواز پی کے 725 دن 11 بجکر 35 منٹ پر لاہور سے ریاض کیلئے اڑان بھرے گی، لاہور سے پی کے 229 مسقط کیلئے 8 گھنٹے تاخیر سے شام 5:30 بجے روانہ ہوگی۔