کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ امت مسلمہ کو اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔
ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے بعد تین بجے شاہراہ فیصل پرایک جلسے کا انعقاد کیا ہے، اسرائیلی ظلم کے خلاف ہم سب کو اکٹھے ہونا ہوگا، سیاسی اختلافات اپنی جگہ فلسطین کےمعاملے پر یکجا ہونا ہوگا۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، قبلہ اول ہمارے لئے سب سے مقدس جگہ ہے، غزہ پراس لئے ظلم ہو رہا ہے کہ امت مسلمہ ایک نہیں ہے، نوازشریف واپس آرہے ہیں، اللہ انہیں مسائل حل کرنے کا موقع دے، ایم کیوایم اکیلے بھی جلسہ یا ریلی کرسکتی تھی، ہم چاہتے ہیں معصوم فلسطینیوں کے لئے ہم سب ایک جگہ اکٹھے ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان سے بھی بات ہوئی ہے، جیسے ہی وہ ملاقات کا وقت دیں گے ان کو بھی شرکت کی دعوت دیں گے، پی ٹی آئی کا آفس سیل ہے کس کے پاس دعوت لیکرجائیں، جلسے میں پی ٹی آئی کے لوگ شریک ہوں، گارنٹی ہے وہاں سے کوئی نہیں پکڑا جائے گا۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا کہ تمام جماعتوں کے لوگ اپنے اپنے جھنڈے لیکر شریک ہوں، اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہم سب ایک ہیں۔