اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔
سابق وزیر اعظم کے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے پروڈکشن جاری ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 24 اکتوبر صبح 10 بجے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، آئی جی پنجاب اور اسلام آباد کو پیشی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
دوسری جانب توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 50 ہزار روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد فواد چودھری کو 24 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں پیش کریں کیونکہ ہدایات کے باوجود فواد چودھری کیس میں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہو رہے۔
واضح رہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں 24 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری پر فرد جرم عائد کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم بھی جاری کر دیا۔