اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ کانسٹیبل جاوید ہمایوں کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق کانسٹیبل نے موقف اپنایا کہ شیر افضل مروت نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، وکیل نے مجھے مارنے کے لیے گاڑی مجھ پر چڑھانے کی کوشش کی اور سپریم کورٹ کی پارکنگ میں مجھے مارا اور دھمکیاں بھی دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے کیس میں پیشی کے لیے شیر افضل مروت سپریم کورٹ پہنچے تو گیٹ پر شہری سے الجھ پڑے اور لڑائی بڑھ کر ہاتھا پائی تک آ گئی تھی۔