اسلام آباد: (حسیب ارسلان) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر زوئی ویئر نے ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، نفرت انگیز بیانیہ، مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن کے خاتمے، میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور یو این ڈی پی کے سیف ڈیجیٹل انوائرمنٹ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، برطانیہ کے ساتھ میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی کے سیف ڈیجیٹل انوائرمنٹ پروگرام سے غلط معلومات اور نفرت انگیز بیانیہ کو پہچاننے میں مدد ملے گی، یہ پروجیکٹ آن لائن سپیس پر غلط اور نفرت انگیز بیانیہ کی نشاندہی کرنے والے اہم سرکاری اداروں اور اہلکاروں کے علم، استعداد اور ہنر کو مزید بہتر بنائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے، اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، صحافیوں کو تربیت کی فراہمی کیلئے برطانیہ کے جدید میڈیا نصاب سے مدد لی جائے گی۔
نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انفارمیشن سروس اکیڈمی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گی، انفارمیشن سروس اکیڈمی میں نفرت انگیز بیانیہ اور غلط معلومات کے حوالے سے آگاہی سیشنز منعقد کئے جائیں گے۔
ملاقات میں فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ وزیر اطلاعات نے برطانوی پولیٹیکل قونصلر کو ملک میں انتخابات کے حوالے سے سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر زوئی ویئر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔