کراچی: (دنیا نیوز) لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس میں جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے پولیس تفتیش کو ناقص قرار دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ پولیس ابھی تک روایتی طریقوں سے لاپتہ افراد کو تلاش کررہی ہے، لاپتہ افراد کو ڈھونڈے کے لیے ماڈرن ڈیوائس اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس میں مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ جے آئی ٹی سیشنز کروائے جائیں اور لوگوں کو جلد بازیاب کروایا جائے۔
عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی اور تفتیشی افسران کو تمام متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کرکے جامع رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
لاپتہ ہونے والے افراد میں فیصل، غفور، شاہد، صابر، وسیم، نسیم، خرم اور دیگر شامل ہیں، لاپتہ ہونے والے افراد کے اہل خانہ کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔