کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے آگرا تاج میں 96 گز پلاٹ پر تعمیر 9 منزلہ عمارت مسمار کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں آگرا تاج میں 96 گز پلاٹ پر 9 منزلہ عمارت بنانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو 2 ہفتوں میں عمارت مسمار کرنے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے کہا کہ ایس بی سی اے عمارت گرا کر آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائے، عدالت نے الاٹیز کی درخواست بھی مسترد کر دی۔
سندھ ہائی کورٹ نے الاٹیز کے وکیل سے استفسار کیا کہ کس بنیاد پر آپ نے اس عمارت میں فلیٹس لیے؟ جب فلیٹس خرید رہے تھے تب دیکھ لیتے؟ ہم آپ کی درخواست مسترد کر رہے ہیں، آپ چاہیں تو معاوضے کیلئے الگ سے درخواست دے سکتے ہیں۔
عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ 96 گز کے پلاٹ پر 9 منزلہ عمارت بنا کر فلیٹس فروخت بھی کر لئے گئے، عدالتی احکامات کے باوجود عمارت کھڑی کر دی گئی ہے، عدالتی چھٹیوں میں بلڈر نے پوری عمارت کھڑی کی، عمارت گرانے کا حکم دیا جائے۔