عدالت کا نیشنل ہائی وے کو سپر ہائی وے سے ملانے والا لنک روڈ فوری کھولنے کا حکم

Published On 12 October,2023 11:58 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے نیشنل ہائی وے کو سپر ہائی وے سے ملانے والا لنک روڈ فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔

قائمقام چیف جسٹس عرفان سعادت خان نے کہا کہ سندھ حکومت اور متعلقہ اتھارٹیز تمام کوششیں کرتے ہوئے سڑک بحال کریں، ہم حکومت کو سڑک فوری کھولنے کا حکم دے رہے ہیں۔

عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ لنک روڈ کھول دیا گیا ہے اور انہوں نے چیف سیکرٹری کا تحریری جواب بھی جمع کرا دیا۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق تصویری شواہد ہیں، روڈ سے ٹریفک بحال نہیں ہوا اور راستے بند ہیں، لنک روڈ کو ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کر کے بند کر رکھا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق لنک روڈ بند ہونے سے کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے، ٹرانسپورٹرز اور انتظامیہ کی جانب سے تنازع چل رہا ہے، ہمیں مسائل درپیش ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ چیف سیکرٹری اور دیگر کو لنک روڈ فوری کھولنے کا حکم دیا جائے۔

قائمقام چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست نمٹا رہے ہیں، عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو توہین عدالت کی درخواست دائر کی جاسکتی ہے۔