دودھ کی قیمتوں میں کمی کیخلاف ڈیری فارمرز کا عدالت سے رجوع

Published On 11 October,2023 10:49 am

کراچی: (دنیا نیوز) دودھ کی قیمتوں میں کمی کے خلاف ڈیری فارمرز نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

ڈیری فارمز کی جانب سے دودھ کی قیمت 180 روپے فی کلو مقرر کرنے کے اقدام کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

ڈیری فارمرز کے وکیل منصف جان نے درخواست گزاروں کی جانب سے کہا کہ کمشنر کراچی نے بغیر مشاورت دودھ 180 روپے فی کلو فروخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، یہ نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے اس کو کالعدم قرار دیا جائے۔

منصف جان نے درخواست میں مزید کہا کہ کراچی کے چاروں ڈی سی اور سرکاری ڈپارٹمنٹ نے دودھ کی قیمت 196 سے 200 روپے فی کلو مقرر کی، کمشنر کراچی نے بغیر مشاروت کے 180 کا نوٹیفکیشن جاری کیا، ہمیں باڑھوں سے دودھ 200 کا مل رہا ہے، 180 کا کیسے فروخت کرسکتے ہیں؟

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈیری فارمرز نے کمشنر کراچی کو ایک کلو دودھ کا ریٹ 229 روپے مقرر کرنے کا کہا تھا، کمشنر کراچی نے اپنی من مانی کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کم قیمت پر دودھ کی کوالٹی بھی متاثر ہو گی۔

بعدازاں عدالت نے سندھ حکومت، کمشنر کراچی اور دیگر کو 2 نومبر کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کر لیا۔