کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں رینجرز اہلکار دلدار کے قتل کے مقدمے میں تفتیشی افسر سے ریکارڈ طلب کر لیا۔
ایم کیو ایم کے کارکن ملزم عبید کے ٹو کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران عدالت میں سپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد نے بتایا کہ ملزم عبید کے ٹو کے خلاف انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ٹرائل جاری ہے۔
سپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد حسین نے عدالت کو بتایا کہ کیس کے اہم گواہ رینجرز اہلکار ریٹائرڈ ہو چکے ہیں، گزشتہ سماعت پر تاخیر سے آنے پر گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں ہو سکا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 9 اکتوبر کو ملزم عبید کے ٹو کے خلاف گواہ کا بیان ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
سپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد حسین نے عدالت سے استدعا کی کہ گواہ کا بیان ریکارڈ ہونے تک درخواستِ ضمانت کی سماعت ملتوی کی جائے۔
بعدازاں عدالت نے ملزم عبید کے ٹو کی درخواستِ ضمانت کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے 1998ء میں ساتھیوں کے ہمراہ لیاقت آباد میں فائرنگ کر کے رینجرز اہلکار دلدار کو قتل کر دیا تھا۔