جناح ہاؤس حملہ کیس: 25 ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری

Published On 25 October,2023 12:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 25 ملزمان کی ضمانت بعدازگرفتاری سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ مقدمہ میں ملوث 18 ملزمان کی ضمانتیں منظور کی جاتیں ہیں، عدالت 7 ملزمان کی ضمانتیں خارج کرنے کا حکم جاری کرتی ہے، ملزمان کے خلاف سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے دلائل دئیے، ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں دہشت گردی اور قتل سمیت چالیس دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے ۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ملزمان پر چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد جناح ہاؤس پر حملے کا الزام ہے، ملزمان پر جناح ہاؤس کو جلانے اور دو افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے، ملزمان پر 53 پولیس افسران اور اہلکاروں کو زخمی کرنے کا بھی الزام ہے۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن 7 ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں کامیاب رہی، ملزمان محمد وسیم، محسن، زین العابدین، افضال بھٹی، عبدالقیوم، ملک حیدر اور فیاض انور کی ضمانتیں خارج کی جاتیں ہیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان عدنان حیدر، فرحان علی، محمد ندیم احمد، امان اللہ، سیف علی، قادر خان، ایلون مسیح کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں، ملزمان محمد بلال ، محمد جنید ، محمد اختر خان ، مختار شاہ ، حسن مجتبیٰ ،فرزانہ سرور، شہباز صدیقی کی ضمانتیں بھی منظور کر لی گئیں، محمد لطیف اور سید تنویر حیدر کی ضمانتیں منظور ہوئیں۔