محکمہ ریلوے کی غفلت، تھل ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

Published On 25 October,2023 12:03 pm

لیہ: (دنیا نیوز) کوٹ سلطان ریلوے سٹیشن سے 4 کلو میٹر کے فاصلے پر پٹڑی ٹوٹ گئی جس کی بروقت اطلاع سے تھل ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔

واقعہ اڈا حافظ آباد ریلوے پھاٹک پر پیش آیا جہاں پٹڑی کی باقاعدہ مرمت کی گئی، تھل ایکسپریس کو حفاظتی اقدامات کر کے پٹڑی سے گزار دیا گیا، ملتان سے آنے والی تھل ایکسپریس راولپنڈی کیلئے روانہ کر دی گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پٹڑی صبح سے ٹوٹی ہوئی تھی، ریلوے ملازمین لا علم تھے، ٹوٹی پٹڑی دیکھ کر علاقہ مکینوں نے محکمہ ریلوے کو اطلاع دی جس سے ٹرین حادثے سے بچ گئی۔

اہل علاقہ نے بتایا کہ پٹرولنگ نہ ہونے کے باعث آئے روز چوریوں سمیت دیگر واقعات پیش آتے ہیں، محکمہ ریلوے کے ملازمین ڈیوٹی دینے کے بجائے گھر بیٹھے تنخواہ وصول کرتے ہیں، ملازمین کی غفلت کے باعث کسی بھی وقت بڑا سانحہ پیش آ سکتا ہے۔