سارہ انعام قتل کیس: مرکزی ملزم شاہنواز امیر کا 342 کا بیان مکمل

Published On 25 October,2023 05:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کا 342 کا بیان مکمل ہوگیا۔

کیس کی سماعت سیشن جج ناصر جاوید رانا نے کی، کیس کے تفتیشی افسر نواز علی کیس کے ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوٹر حسن عباس ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے، شریک ملزمہ ثمینہ امیر شاہ حاضری سے مستقل استثنیٰ پر ہونے کے باوجود عدالت میں پیش ہوئیں۔

سارہ انعام کے والد انعام الرحیم بھی عدالت میں پیش ہوئے، وکیل مدعی راؤ عبدالرحیم ایڈووکیٹ ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہوئے، گزشتہ سماعت پر ملزم شاہنواز امیر کا 342 کا بیان مکمل نہ ہو سکا تھا۔

عدالت نے ملزم شاہنواز سے استفسار کیا کہ اپنے دفاع میں کوئی بیان یا کسی قسم کا ثبوت پیش کرنا چاہتا ہے، ملزم شاہنواز امیر نے اگلی سماعت تک کچھ وقت دینے کی استدعا کی، عدالت نے آئندہ سماعت تک وقت دیتے ہوئے سماعت یکم نومبرتک ملتوی کردی۔