132 سے زائد افغان پناہ گزین پہلی خصوصی چارٹرڈ پرواز سے برطانیہ روانہ

Published On 26 October,2023 06:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اسلام آباد سے 132 سے زائد افغان پناہ گزین پہلی خصوصی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے برطانیہ روانہ ہو گئے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانوی ہائی کمیشن کے عملے کی نگرانی میں خاص کیٹیگری کے افغان پناہ گزین روانہ ہوئے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانیہ جانیوالے ایک خاص کیٹیگری کے افغان پناہ گزینوں کی سفری دستاویز سمیت تمام پروسیجرمکمل کیا گیا۔

ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کا الگ سے کاؤنٹرقائم کیا گیا تھا، پہلی پروازمیں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، افغان شہریوں کی برطانیہ منتقلی کے لیے ائیربس 330 ساختہ طیارے استعمال کئے جا رہے ہیں۔

پاکستان سے منتقل ہونے والے افغانیوں کی مکمل تعداد ڈھائی سے تین ہزار کے درمیان ہے، پاکستان سے افغان شہریوں کے انخلاء کے لیے 12 پروازیں آپریٹ ہوں گی، خصوصی پروازیں دسمبر کے وسط، اختتام تک آپریٹ ہوں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانوی ہائی کمشنر کے وفد نے سول ایوی ایشن حکام سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں برطانوی حکام کی جانب سے افغانیوں کی برطانیہ منتقلی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔