تل ابیب : (دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) امریکی صدر جو بائیڈن کے دورے کے ایک روز بعد برطانوی وزیراعظم رشی سونک بھی اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم رشی سونک اسرائیل کے دورے میں مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ ان کے دورے کا آغاز ہے جس میں وہ دیگر علاقائی دارالحکومتوں کا سفر کرنے سے قبل وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور صدر اسحاق ہرتصوغ سے ملاقات کریں گے۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ 7 اکتوبر کو غزہ میں مقیم فلسطینی حماس کے اسرائیل پر حملے کے نتیجے میں اسرائیل اور غزہ میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہارِ تعزیت اور خطے میں تنازعات میں مزید اضافے کے خلاف خبردار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ منگل کے روز غزہ کے ایک ہسپتال میں ہونے والا دھماکہ جس میں سینکڑوں فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے، خطے اور دنیا بھر کے رہنماؤں کے لیے ایک اہم لمحہ ہونا چاہیے کہ وہ تنازعات میں مزید خطرناک اضافے سے بچنے کے لیے اکٹھے ہو جائیں اور برطانیہ اس کوشش میں سب سے آگے ہو گا۔
اپنے دورے میں رشی سونک اس بات پر بھی زور دیں گے کہ جتنا جلد ممکن ہو مصر سے غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کے لیے راستہ کھولا جائے اور غزہ میں پھنسے برطانوی شہریوں کو وہاں سے نکلنے کے قابل بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں :غزہ میں 20امدادی ٹرک جمعہ کے روز تک پہنچنے کی امید ہے: بائیڈن
ترجمان برطانوی وزیراعظم نے گزشتہ روز کہا کہ اسرائیل پر حملے کے بعد سے کم از کم 7 برطانوی شہری ہلاک اور کم از کم9 لاپتہ ہیں۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق سونک کے دورے کے ساتھ ساتھ برطانوی وزیرِ خارجہ جیمز کلیورلی جنہوں نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کا دورہ کیا تھا، وہ تنازع پر گفتگو اور پرامن حل تلاش کرنے کے لیے اگلے تین دنوں میں مصر، ترکی اور قطر جائیں گے۔
خیال رہے کہ 7اکتوبرکو حماس کی جانب سے الاقصی آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا ، اس کے بعد سے اسرائیل کی جوابی کارروائی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ہے جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو ئے ہیں ۔
اسرائیل اور فلسطین تنازع کے 75 برسوں کے دوران ان حملوں کو بدترین قرار دیا جا رہا ہے۔