واشنگٹن : (دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے رفح کراسنگ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ غزہ کے لیے انسانی امداد کے 20 ٹرکوں کی پہلی کھیپ کو گزرنے کی اجازت دی جا سکے۔
خبررساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے اسرائیل کے دورے سے واپسی کے دوران عبدالفتاح السیسی کو فون کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متاثرہ فلسطینیوں کے لئے آغاز میں 20 امدادی ٹرک لے جانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ کراسنگ کے آس پاس کی سڑک کو مرمت کی ضرورت ہے ، اس لیے ممکنہ طور پر امدادی ٹرک جمعے سے پہلے روانہ نہیں کیے جاسکیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ سڑک کی مرمت کی جا رہی ہے، ان ٹرکوں کے گزرنے کے لیے وہاں موجود گڑھے بھرنے پڑیں گے، یہ ہونے والا ہے، انہیں توقع ہے کہ اس میں 8 گھنٹے لگیں گے
امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ کی سرحد کے اطراف میں امداد تقسیم کرنے کے لیے تیار ہے، پہلے 20 ٹرک حماس کو کوئی فائدہ پہنچے بغیر امداد کی تقسیم کے نظام کا امتحان ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امداد کی پہلی کھیپ 20 ٹرکوں پر مشتمل ہوگی لیکن مجموعی طور پر 150 یا اس سے کچھ زیادہ ٹرک ہیں، اِن باقی ٹرکوں کو فی الحال گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حالات کو دیکھ کر اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :حماس آئی ایس آئی ایس کا دوسرا نام ، اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں: بائیڈن
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عبدالفتاح السیسی حقیقی کریڈٹ کے مستحق ہیں، وہ بہت ملنسار ہیں۔
اسرائیل کے دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے اس کو کامیاب قرار دیا اور اپنے اتحادی اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب مصر کے صدارتی ترجمان احمد فہمی نے ایک بیان میں کہا کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے رفح ٹرمینل کے ذریعے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی پائیدار فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کے غزہ کراسنگ کھولنے کے بعد اب مصر نے اس کی تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی تک انسانی امداد رفح کراسنگ سے گزرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں مزید 433 فلسطینی شہید
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ امداد دونوں ممالک کے متعلقہ حکام امریکا کی نگرانی میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے گروپوں کے ساتھ تعاون سے فراہم کریں گے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے انتہائی گنجان آباد غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے، غزہ کی جانب خوراک اور ادویات کی ترسیل روک دی گئی ہے اور تمام گذرگاہوں کو بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رفح کراسنگ غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع ہے، یہ غزہ کی پٹی کو مصر کے صحرائے سینا سے ملاتی ہے ، اس کے علاوہ غزہ کی پٹی میں دو اور سرحدی گزرگاہیں ایریز اور کریم شالوم شمالی غزہ کو اسرائیل سے ملاتی ہیں تاہم اسرائیل نے ان کو تاحکم ثانی بند کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ 7اکتوبرکو حماس کی جانب سے الاقصی آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا ، اس کے بعد سے اسرائیل کی جوابی کارروائی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ہے جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو ئے ہیں ۔
اسرائیل اور فلسطین تنازع کے 75 برسوں کے دوران ان حملوں کو بدترین قرار دیا جا رہا ہے۔