امریکا کی جانب سے تائیوان کیلئے براہ راست پہلی فوجی امداد کی منظوری

Published On 31 August,2023 11:39 am

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکا نے فارن ایڈ پروگرام کے تحت تائیوان کیلئے پہلی براہ راست فوجی امداد کی منظوری دے دی۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکا تائیوان کو 80 ملین ڈالرز مالیت کا فوجی پیکیج دے گا اور اس اقدام سے امریکا کے تائیوان ریلیشنز ایکٹ اور دیرینہ ون چائنا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان کے مطابق آبنائے تائیوان میں امن و استحکام علاقائی و عالمی سلامتی اور خوش حالی کے لیے اہم ہے۔

اس حوالے سے تائیوان کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ امریکی امداد علاقائی امن اور استحکام میں مددگار ثابت ہو گی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے جولائی میں بھی تائیوان کے لیے 345 ملین ڈالرز مالیت کی فوجی امداد منظور کی تھی۔