مہلت ختم: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں مکمل

Published On 01 November,2023 01:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) غیر قانونی غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی مہلت ختم ہو گئی، آج سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

ڈیڈ لائن کے آخری روز 21 ہزار افغان شہری طورخم کے راستے افغانستان چلے گئے، پاکستان میں غیر قانونی موجود غیر ملکیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں کر لی گئیں، حکام نے انخلا کے انتظامات بھی مکمل کر لیے، اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 481 افغان پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔

مہلت ختم ہوتے ہی کراچی میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا، پولیس نے صدر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 تارکین وطن کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا، پولیس کے مطابق چاروں افراد کا تعلق افغانستان سے ہے جو غیر قانونی طریقے سے شہر میں رہ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لیں: محسن نقوی

افغان کمشنریٹ کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کی ملک بدری کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہو گا، غیر ملکیوں کیخلاف دوسرے مرحلے میں غیر ملکیوں خصوصاً افغان شہریوں کو گرفتار کیا جائے گا اور انہیں لنڈی کوتل میں قائم ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔

ہولڈنگ سینٹر پر نادرا عملہ زیر حراست افغان شہریوں کا بائیو میٹرک سمیت دیگر ڈیٹا اکھٹا کرے گا جس کے بعد انہیں طورخم کے راستے افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا، زیر حراست افغانیوں کو ابتدائی 3 دنوں میں بسوں پھر خصوصی ٹرینوں سے وطن واپس روانہ کیا جائے گا۔

سرکاری حکام کے مطابق نان سٹاپ ٹرین کراچی سے روہڑی کے راستے افغانیوں کو لے کر چمن بارڈر تک پہنچے گی، بلوچستان میں سکیورٹی خدشات کی بنا پر خصوصی ٹرین شام کے وقت کراچی سے روانہ ہو گی جو رات کا سفر سندھ میں طے کر کے پھر دن میں بلوچستان پہنچے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر خارجہ اور امریکی سفیر کی ملاقات، افغانیوں کی محفوظ واپسی پر تبادلہ خیال

ذرائع کے مطابق غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن کے پہلے 3 دن تک 10 بسوں کے ذریعے یومیہ 500 افغان باشندے چمن بھیجے جائیں گے، ٹرین کے ذریعے روزانہ 780 سے 800 افغان باشندوں کی واپسی ہو گی۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن نہیں بڑھائی جائے گی، سکیورٹی فورسز نے میپنگ اور جیو فینسنگ کر کے مشکوک افراد کی نشاندہی کر لی ہے جبکہ وطن واپس جانے والوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔