سندھ کے 16 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

Published On 05 November,2023 08:26 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے 16 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت تم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی۔

پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک بلاتعطل جاری رہا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

26 یونین کونسلز کی نشستوں پر 116 امیدوار آمنے سامنے ہیں، صوبے بھر میں 182 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

شہر قائد میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی 9 نشستوں پر پولنگ جاری ہے، 9 نشستوں پر پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی سمیت 54 امیدوار میدان میں ہیں۔

ضلع ملیر، ضلع کیماڑی، ضلع جنوبی میں چیئرمین کی نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں جبکہ ضلع ملیر اور ضلع جنوبی میں وائس چیئرمین کی نشستوں پر بھی پولنگ جاری ہے۔

ضلع ملیر، ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں وارڈ ممبران کی نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں۔

ضمنی انتخاب والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 686 ہے، شہر قائد میں 121 پولنگ میں سے تمام کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

Advertisement