نئی نسل کو تعلیم سے آراستہ کرنے سے ہی قوموں کا مستقبل تابناک ہوگا: قونصل جنرل امارات

Published On 07 November,2023 07:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ہی قوموں کا مستقبل تابناک ہوگا۔

متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز پرائمری سکول کورنگی میں نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں بچوں نے پاک یو اے ای قومی ترانوں پر پرفارم کرکے دونوں ممالک کی دوستی پر محبت کی مہر ثبت کر دی۔

قونصل جنرل نے بچوں کی جانب سے محبت کے اظہار کو سراہتے ہوئے برادرانہ تعلقات پر گرمجوشی کا اظہار کیا، قونصل جنرل نے کہا کہ نسل در نسل منتقل ہوتی ہوئی دوستی کی یہ مشعل بانی یو اے ای کے خواب کی تعبیر ہے۔

قونصل جنرل نے ایس ڈی جی کے اہداف 2030ء کے حصول کے لئے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کو اہم اقدام قرار دیتے ہوئے سکول کے بچوں کے ہمراہ شجر کاری بھی کی۔