نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان انتقال کر گئے، نماز جنازہ ادا

Published On 11 November,2023 11:12 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان پشاور کے نجی ہسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، مرحوم کی نماز جنازہ میں گورنر کے پی کے غلام علی، آفتاب شیرپاؤ، غلام بلور، آئی جی کے پی کے اختر حیات نے بھی شرکت کی۔ ۔

 ہسپتال کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر گلزار نے بتایا کہ اعظم خان کو کل رات 10 بجے آر ایم آئی منتقل کیا گیا، جب ہسپتال منتقل کیا گیا تو ان کی طبیعت کافی ناساز تھی، گزشتہ 4 دنوں سے انہیں ڈائریا اور الٹی کی شکایت تھی۔

 انہوں نے بتایا کہ کل رات ہی ان کا سٹی سکین اور تمام ٹیسٹ کیے گئے، سٹی سکین سے پتا چلا کہ محمد اعظم خان کو ہرنیا ہے، ان کے آپریشن کے بارے میں آج فیصلہ ہونا تھا تاہم اچانک 9 بجے ان کو دورہ پڑا جس کے بعد وہ جانبر نہ ہوسکے۔

مرحوم اعظم خان کی زندگی پر ایک نظر

اعظم خان نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی، وہ ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے جنہوں نے 21 جنوری 2023ء کو بطور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عہدے کا حلف اٹھایا۔

اعظم خان نے ستمبر 1990ء سے جولائی 1993ء تک چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے فرائض سر انجام دیے، انہوں نے 24 اکتوبر 2007ء سے یکم اپریل 2008ء تک بطور وزیر خزانہ خیبرپختونخوا خدمات سر انجام دیں۔

اعظم خان جنوری 1997ء سے 6 جون 2007ء تک یو این ڈی پی کے پروگرام تخفیف غربت کے ایڈوائزر بھی رہے جبکہ وہ 2018ء کے نگران سیٹ اپ میں وفاقی وزیر داخلہ بھی تھے۔

نگران وزیراعظم انواز الحق کاکڑ سمیت مختلف سیاسی و انتظامی شخصیات نے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اعظم خان کے انتقال کی تکلیف دہ خبر ملی، وہ یقیناََ ایک ایماندار اور نیک انسان تھے، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اعظم خان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل و عیال کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کرے، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ مرحوم اعظم خان نے اہم ترین انتظامی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھایا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم اعظم خان کے عوام کی خدمت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے بلند درجات اور لواحقین کے صبر و جمیل کیلئے دعا گو ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم کی وطن اور خیبرپختونخوا کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔