اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق بغیر گاؤن پہنے عدالت میں پیش ہونے پر وکیل پر برہم ہوگئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل سے سوال کیا کہ آپ یونیفارم میں کیوں نہیں، کیا آپ ہائیکورٹ کے وکیل ہیں، آپ کا گاؤن کہاں ہے، کیا آپ نے ہائی کورٹ کا نوٹیفکیشن نہیں پڑھا؟
وکیل نے جواب دیا کہ میں معذرت خواہ ہوں، ایمرجنسی ہوگئی تھی، گاؤن نہیں پہن سکا۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایمرجنسی ہوگئی ہے؟ کیا ایمبولینس منگوائیں، یہ کیا طریقہ ہے، کل کو میں اگر ٹی شرٹ اور جینز پہن کر عدالت میں بیٹھ جاؤں تو کیسا لگے گا؟
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کل بھی بتایا تھا کہ گاؤن لازمی پہننے کا ایک نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے، تمام وکلاء گاؤن پہن کر ہائی کورٹ میں پیش ہوں۔