اسلام آباد : (دنیانیوز) سابق وفاقی وزیر وقار احمد خان نے بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں امیر مقام کے ہمراہ ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر وقاراحمد خان نے کہا کہ میری شہبازشریف صاحب سے ایک طویل ملاقات ہوئی، شہبازشریف کا ویژن اور 14ماہ ان کا کام پرفوکس دیکھا، ایوان میں ایسے لوگ آنے چاہئیں جن میں خدمت خلق کا جذبہ ہو۔
وقار احمد خان نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا صلاحیت کی بات ہے ، نواز اور شہبازشریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے نکالا، شہبازشریف کو وزیراعظم بنانا بڑا دلیرانہ فیصلہ تھا ۔
اس موقع پر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک بھر سے سیاستدان نواز شریف کی لیڈرشپ میں ن لیگ میں شامل ہو رہے ہیں، خیبر پختون خوا سے مزید کئی نام ن لیگ میں شامل ہوں گے۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان کے عوام نوازشریف پر اعتماد کرتے ہیں، مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں شروع کردی ہیں ، ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، ملکی استحکام کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سابق سینیٹر وقار احمد اور خیبر پختون خواہ کے پارٹی صدر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی ، دونوں راہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔