کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آئین میں تبدیلی نہ ہوئی تو حکمرانوں کو تبدیل کر دیا جائے گا۔
ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اقتدار کراچی کی سڑکوں سے چلے گا، ہم پاکستان کو ایک موقع دے رہے ہیں، یہاں کے جاگیردار حکمرانوں سے جواب لیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج بھی کورنگی پاکستان کو بچانے کے لئے یہاں جمع ہے، اب تک ہم نے مٹی کی محبت میں وہ قرض چکائے ہیں جو واجب نہیں تھے، اس کورنگی کو ظلم کی آماجگاہ بنایا گیا، ظالم ہار رہا ہے جابر اپنے گھر بھاگ رہا ہے، کراچی کے بیٹے اور یہاں کے وارث آ گئے ہیں۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے کہا کہ اس سرد رات میں آپ کے جذبات نے امید کی حرارت کو جگائے رکھا ہے، یہ کراچی حکمرانی کا حق رکھتا ہے، یہ صرف ایک ٹاؤن کا جلسہ ہو رہا ہے، 29 ٹاؤن کے جلسے کے بعد الیکشن کی ضرورت نہیں پڑے گی۔