18 ویں ترمیم کو رول بیک نہیں کرنے دیں گے، کنٹرولڈ الیکشن منظور نہیں: امیر حیدر ہوتی

Published On 25 November,2023 04:47 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) اے ان پی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ کسی کو 18 ویں ترمیم کو رول بیک نہیں کرنے دیں گے، کنٹرولڈ الیکشن کسی صورت منظور نہیں ہیں۔

اے این پی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کا لمحہ ہے کہ صوبے کی قد آور شخصیات اے این پی میں شامل ہو رہی ہیں، پارٹی کی قیادت کی خواہش تھی کہ ملک امان اللہ اے این پی میں شامل ہوں، ملک امان اللہ خان کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ سب ملکر علاقے اور عوام کی خدمت کریں گے، پاکستان کے سیاسی ماحول کو دیکھتے ہوئے ہر کسی کی خوشحالی کی امید اے این پی ہے، اسفندیار ولی کا پیغام ہے کہ ہزاروں لوگ سرخ جھنڈے تلے متحد ہوں، پاکستان میں اس وقت انتشار نظر آرہا ہے۔

رہنما اے این پی نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی بحران ہے، موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایک ایک لمحہ اہم ہے، قوم میں بیداری کی ضرورت ہے، ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کرنی ہے، ہم قبولیت اور مقبولیت سے بالاتر ہوکر کام کرنے والے ہیں۔

امیر حیدر خان ہوتی نے مزید کہا کہ صاف و شفاف الیکشن ہونا ضروری ہیں، الیکشن تمام مسائل کا حل ہے، آٹھویں ترمیم کو ختم نہیں ہونا چاہئے، صوبوں کو مستحکم کرکے وفاق کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔

ملک امان اللہ نے کہا کہ اے این پی کی عوام دوست پالیسی سے متاثر ہوکر پارٹی میں شامل ہو رہا ہوں۔