لاہور: (دنیا نیوز) چینی صوبہ جیانگ سو کے اعلیٰ سطح کے پولیس حکام پر مشتمل وفد نے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر پولیس افسران نے پنجاب کی خوبصورت روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے چینی آئرن برادرز کو پگڑیاں پہنائیں۔
جیانگ سو پولیس کے اعلیٰ حکام نے پنجاب پولیس کی جانب سے عزت و احترام دیئے جانے پر خوشگوار حیرت اور انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) November 27, 2023
اس سے قبل جیانگ سو کے پولیس حکام واہگہ بارڈر بھی گئے اور پنجاب رینجرز کے زیر انتظام آزادی میوزیم کا دورہ کیا، اس موقعہ پر ونگ کمانڈر پنجاب رینجرز کرنل اعظم نے چینی پولیس افسران کو پنجاب رینجرز سے متعلقہ نوادرات کا معائنہ کرایا۔
چینی پولیس حکام نے واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں بھی شرکت کی، سٹیڈیم میں موجود پاکستانی شہریوں نے دوست ملک چین کے پولیس افسران کو دیکھ کر پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) November 27, 2023
چینی پولیس افسران کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور سمندروں سے گہری ہے۔