کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں جب تک منتخب لوکل گورنمنٹ نہیں آتی عام انتخابات نہیں ہونے چاہئیں۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے پاکستان کے لوگوں کے دن پھرنے والے ہیں، ہم اسے ایم کیو ایم کا ڈاکومنٹ نہیں کہنا چاہتے، پانچ لوگ ہیں پاکستان میں جن کے پاس پورے ملک کے وسائل ہیں، ایک وزیراعظم اور چار وزرائے اعلیٰ۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ چند لوگ پورے صوبے کے وسائل پر قابض ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد تمام اختیارات صوبے کے وزیراعلیٰ کے پاس آگئے، این ایف سی ایوارڈ سے آنے والے پیسے نیچے نہیں منتقل ہوتے، ہم آئین میں تین ترامیم چاہتے ہیں۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے محکمے آئین میں لکھ دیئے جائیں، وفاق ڈسٹرکٹ کے پیسے ہمیں ڈائریکٹ بھیج دے، وفاق صوبے کا شیئر فارمولے کے تحت پاکستان کے تمام اضلاع کو دے۔