کراچی: (دنیا نیوز) رہنما استحکام پاکستان پارٹی عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم شہر قائد کو کب تک سسکتا، بلکتا دیکھتے رہیں گے۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی عمران اسماعیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں پر پیپلزپارٹی کے دوست نظر نہیں آرہے، کیا ایم کیوایم آج یہ وعدہ کرے گی کہ ہم حکومت میں اسی وقت آئیں گے جب اس بل پرعمل ہوگا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں کام کرنے کے لئے 30 سے زائد ایجنسیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اللہ مدد بھی ان کی کرتا ہے جو کوشش کرتے ہیں، میں نے زندگی میں اتنا مشکل وقت نہیں دیکھا جو نسلہ ٹاور کے لوگوں کا دیکھا تھا، نسلہ ٹاور بنانے والوں کیخلاف کارروائیاں ہونی چاہئے تھیں۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ کراچی شہرمیں رات کوموٹرسائیکل کی ہیڈ لائٹ اور بیک لائٹ بند ہوتی ہے، کراچی میں ایک میئر تھا جو جماعت اسلامی کا تھا، بہترین کارکردگی تھی، اس کے بعد میئر دیکھا مصطفیٰ کمال کو، ان سے بھی بڑھ کر کارکردگی دی۔
عمران اسماعیل نے مزید کہاکہ استحکام پاکستان پارٹی اس اہم ترین معاملے پر ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑی ہے۔