پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کل، گوہر علی خان کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے کا امکان

Published On 01 December,2023 09:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ‏تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کل منعقد کیے جائیں گے، بیرسٹر گوہر علی خان کا بلامقابلہ چیئرمین تحریک انصاف منتخب ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ‏انٹرا پارٹی الیکشن مرکز اور صوبائی سطح کی قیادت کے لیے منعقد کیے جائیں گے، ‏الیکشن میں ووٹرز آن لائن ایپ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ‏آج رات تک تمام امیدواران کے نام جاری کر دئیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات: کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل مکمل

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں ‏تحریک انصاف کے مرکزی صدر کی نشست پر چودھری پرویزالٰہی امیدوار ہوں گے، ‏مرکزی سیکرٹری پر عمر گوہر ایوب بھی انٹرا پارٹی الیکشن میں امیدوار ہوں گے۔

پنجاب کی صدارت کے لیے ڈاکٹر یاسمین راشد انٹرا پارٹی انتخاب میں حصہ لیں گی، ‏پنجاب کی جنرل سیکرٹری کی نشست پر حماد اظہر میدان میں ہوں گے، خیبر پختونخوا کی صدارت کے لیے علی امین گنڈا پور فیورٹ امیدوار ہیں، ‏خیبر پختونخوا کی سیکرٹری جنرل کی نشست پر علی اصغر امیدوار ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر کے طور پر حلیم عادل شیخ امیدوار ہیں، ‏سندھ کے سیکرٹری کی نشست کے امیدوار ایڈووکیٹ علی اصغر ہوں گے۔