دبئی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی 28ویں کانفرنس آف پارٹیز کے لئے قائم کئے گئے پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔
وزیراعظم کو لاس اینڈ ڈیمج کے فنڈ کے لئے مذاکرات اور سہولت کاری کے حوالے سے کوششوں کے بارے میں بتایا گیا، وزیر اعظم کو لیونگ انڈس انیشی ایٹو کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، لیونگ انڈس انیشی ایٹو دریائے سندھ کی کی بحالی کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعظم کی ہالینڈ کے وزیر اعظم سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
انوار الحق کاکڑ نے پویلین میں پاکستانی موسمیاتی ماہرین سے بھی ملاقات کی، نگران وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کو کم کرنے کے حوالے سے ان کی کوششوں کو سراہا۔
نگران وفاقی وزراء برائے خارجہ، موسمیاتی تبدیلی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے ساتھ تھے۔
سائیڈ لائن ملاقاتیں
نگراں وزیراعظم کی کوپ 28 میں سائیڈ لائن ملاقاتیں جاری ہیں، انوار الحق کاکڑ کی ازبکستان کے صدر شوکت مریضایف سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
کوپ 28 کے موقع پر دبئی میں نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات ہوئی۔