اسلام آباد : (دنیانیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن نوٹس لے، جس پارٹی کی بنیاد ہی دھاندلی پر رکھی جائے وہ آگے کیا کرے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں بھرپور دھاندلی ہوئی، آج پھرسلیکشن ہوئی ، کیا یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے، آج کا انٹرا پارٹی الیکشن سب کےلیےسوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جن لوگوں کو بیساکھیاں دی گئی تھیں، جس پارٹی کی بنیاد ہی دھاندلی پررکھی گئی وہ شفاف الیکشن کیسےکراسکتی ہے ؟ پارٹی میں جنہوں نے الیکشن لڑنا تھا ان کو ووٹنگ کا لنک ہی نہ بھیجا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن بتائےکیا مفروروں کوبھی الیکشن لڑنےکی اجازت ہوتی ہے ؟ جس پارٹی کے اندرونی انتخابات میں دھاندلی ہو وہ آگے کیا کریں گے، ہمارا الیکشن کمیشن سےمطالبہ ہے کہ اب ان انتخابات کو چیک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کہتا تھا کہ جو 2 بار الیکشن لڑے گا اس کو تیسری بار لڑنے کی اجازت نہ ہوگی، آج بھی ان کو چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی کا پرانا جیالا ملا ، ایک شخص کہتا تھا درخت یا کھمبےکوٹکٹ دےدوں تووہ بھی جیتے گا، آج نوبت یہ ہے کہ اس شخص کواپنی پارٹی میں ٹکٹ نہیں مل رہا۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ ہم 8فروری کوشفاف الیکشن چاہتے ہیں، امید ہےچیف جسٹس کے ہوتے ہوئے کوئی الیکشن ملتوی نہیں کرسکےگا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری 7 دسمبر کو شانگلہ اور 10 دسمبر کو کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے ، وہ پشاور میں ویمن کنونشن سے بھی خطاب کریں گے، کوئٹہ میں ہمارے ساتھ اہم شخصیات سمیت 3 سابق ایم پی ایز نے بھی شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کوئٹہ سے سرد ہوائیں شروع ہوئیں اور اسلام آباد میں حالات تبدیل ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری کا بلاول بھٹوکے سرپرپگڑی رکھنا ایک خاموش پیغام تھا، پیپلزپارٹی میں کوئی دراڑ نہیں ہے، مسلم لیگ تودعویٰ کررہی ہےکہ ان کا وزیراعظم ہوگا، مسلم لیگ(ن)کوتوپھرجلد انتخابات کا کہنا چاہیے۔
ان کاکہنا تھا کہ سب کوپتا ہے کہ کون الیکشن سےبھاگ رہا ہے ، پیپلزپارٹی توالیکشن کےلیے تیارہے، مجھے تولگ رہا ہےایم کیوایم الیکشن سےبھاگنےکا بہانہ ڈھونڈ رہی ہے، ایم کیوایم ہمیشہ اقتدارمیں رہی ہے۔