اسلام آباد: (دنیانیوز) فیصل مسجد میں امام کعبہ الشیخ الصالح بن عبداللہ بن حمید نے نمازجمعہ کی امامت کی اور خطبہ دیا۔
فیصل مسجد میں امام کعبہ الشیخ الصالح بن عبداللہ بن حمید نے اپنے خطبے میں کہا کہ مسلمانوں کی مثال جسم کی مانند ہے جو ایک دوسرے کو مضبوط کرتے ہیں، آخرت کی بہتری کیلئے خود کو بہتر کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپس میں اخوت،محبت اور مساوات کو فروغ دیں ، مسلمانو!فلسفہ تقویٰ پر سختی سے کاربند رہو۔
امام کعبہ نے خطبے میں کہا کہ چھوٹے چھوٹے اختلافات پر کسی کو کافر قرار نہ دیں، نیک اور صالح کاموں کے فروغ میں تعاون کریں۔
واضح رہے کہ امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن حمید 6 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں انہوں نے آج فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی۔
امام کعبہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام کانفرنس میں بھی خصوصی شرکت کرینگے ، قائد اعظم آڈیٹوریم فیصل مسجد میں خطاب کا موضوع " شریعت و قانون میں انسانی جان کا تحفظ " ہے۔