اسلام آباد: (دنیانیوز) ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انٹرنیشنل گینگ کے 2 مرکزی انسانی سمگلرز گرفتار کرلیے ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں آصف محمود اور بلال حسن شامل ہیں ، چینی حکام کی شکایت پروزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیاتھا ، ان پاکستانیوں کو چین کے قانون نافذ کرنے والے حکام نے حراست میں لیا تھا، ایف آئی اے ٹیم نے ڈی پورٹ 5 مسافروں کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات سے آصف محمود، اہم سہولت کار بلال حسن کوپکڑا گیا، ملزمان غیر قانونی تارکین وطن کو کاروباری افراد کے طور پر ظاہر کرتے تھے، ملزمان کی نشاندہی پر متعدد جگہوں پر چھاپے مارے گئے ۔
ترجمان کاکہنا تھا کہ پاسپورٹس، لیپ ٹاپ، جعلی دستاویزات برآمد کرلی گئیں، ملزمان کے زیر استعمال بینک اکاونٹس میں کروڑوں کی ٹرانزکشن کی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کےمطابق ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں ۔