کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری سندھ سینیٹر وقار مہدی نے متحدہ کے رہنماؤں کی تقاریر پر ردعمل میں کہا کہ بہروپیوں پر مشتمل متحدہ کا ٹولہ کراچی کو یرغمال بنانے کے خواب دیکھنا بند کرے۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ متحدہ والوں نے کراچی میں اس قدر خونریزی کی کہ بادل برسنا بند ہوگئے تھے، متحدہ کے رہنما اپنے جرائم پر معافی مانگیں، بلدیاتی انتخابات میں شکست کے خوف سے متحدہ نے بائیکاٹ کا ڈرامہ رچایا، عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی میں بھی تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شکست کی شرمندگی سے بچنے کیلئے ایم کیو ایم عام انتخابات سے فرار اختیار کر سکتی ہے، کراچی کے عوام اب ایم کیو ایم کے کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔
سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم 40 سالوں سے مختلف حکومتوں میں شراکت دار رہی مگر کراچی کی عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔