لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی ویسٹ یارکشائر کاؤنٹی کے بریڈ فورڈ لٹل ہارٹن کے ایک گھر میں آگ لگنے سے ایک پاکستانی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق واقعہ فنچ سٹریٹ میں ہفتے کی صبح 5 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جب گھر کی بالائی منزل میں آگ لگی، جاں بحق ہونے والا نوجوان اپنے بھائی کو بچانے کیلئے بالائی منزل پر گیا جہاں وہ خود آگ کی لپیٹ میں آگیا، نوجوان کا بھائی پہلے ہی کھڑکی سے چھلانگ لگا کر باہر آچکا تھا جس کے باعث وہ آتشزدگی سے محفوظ رہا۔
رپورٹس کے مطابق جب آگ لگی تب گھر میں موجود ایک آدمی، ایک بچہ اور خاتون پہلے ہی گھر سے باہر آ چکے تھے انہیں معمولی چوٹیں آئیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، اہل محلہ کا کہنا ہے کہ آگ ای سگریٹ کے چارجر سے لگی، البتہ اس حوالے سے پولیس کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔